لاہور (نمائندہ جسارت) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پولیس تھانہ شادمان نذر آتش، مغلپورہ اور جناح ہائوس کے قریب چوک میں پولیس گاڑیاں جلانے کے چار مقدمات کے جیل ٹرائل میں مغلپورہ میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمہ میں تحریک انصاف کے رہنمائوں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد ، اعجاز چودھری، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر 21ملزمان پر فرد جرم عاید کر دی ، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا جس پر عدالت نے استغاثہ کے گواہان کو دو دسمبر کو شہادت کے لئے طلب کرلیا، انسدادِ دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے لاہور کی سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں سماعت کی ،جمعرات کو سماعت پر صنم جاوید اور عالیہ حمزہ جیل میں حاضری کے لیے پیش نہ ہوئیں، وکیل رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ نے ایک روزہ حاضری معافی درخواست دائر کی جس میں عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ دونوں خواتین پشاور کے مقدمات میں پیشی کے لیے گئی ہیں، ایک روزہ حاضری معافی کی درخواستیں منظور کی جائیں، عدالت نے دونوں خواتین ملزمان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواستیں منظور کرلی ، دریں اثنا اسی عدالت نے تھانہ شادمان نذر آتش اور جناح ہائوس کے قریب چوک میں گاڑیاں جلانے سمیت دیگر تین مقدمات میں سماعت 28نومبر تک ملتوی کردی ،تھانہ شادمان کو جلانے سمیت تین مقدمات میں ملزمان کی تعداد پوری نہ ہونے کے باعث فرد جرم عائد نہ ہوسکی ،خدیجہ شاہ شاہ اور روبینہ جمیل حاضری کے لیے جیل میں پیش ہوئیں، شاہ محمود قریشی سمیت دیگر زیر حراست ملزمان کی جیل حاضری مکمل کرائی گئی۔ ملزمان کے خلاف جیل میں مقدمات کا ٹرائل جاری ہے ۔