وفاق کا ملٹری تحویل میں ملزمان کو میسر سہولیات کی تفصیل دینے سے انکار

24

لاہور(نمائندہ جسارت) وفاقی حکومت کے وکیل نے ملٹری تحویل میں موجود ملزمان کو دی جانے والی سہولیات کو خفیہ قرار دیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ میں تحریری رپورٹ جمع کرانے سے انکار کردیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد وحید خان نے کائنات گل کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر خدیجہ صدیقی عدالت میں پیش ہوئیں۔ وکیل وفاقی حکومت، ملٹری کی تحویل میں موجود ملزمان کو موجود سہولیات کی رپورٹ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل وفاقی حکومت نے دلائل دیے کہ رپورٹ خفیہ ہے، وکیل درخواست گزار کو فراہم نہیں کی جاسکتی۔ جسٹس وحید خان نے ہدایت دی کہ آپ مجھے رپورٹ جمع کروائیں۔ وکیل وفاقی حکومت نے دلائل دیے کہ یہ ایک کلاسیفائیڈ رپورٹ ہے، عدالت میں بھی جمع نہیں کروائی جا سکتی۔ جسٹس وحید خان نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ جمع نہیں کروانی تو پھر لانے کا کیا فائدہ کیا ہے؟ ہم رپورٹ دیکھنا چاہتے ہیں آپ آئندہ سماعت پر بہر صورت تحریری رپورٹ دیں۔ ایسی رپورٹ بنا کر لائیں جو آپ عدالت اور درخواست گزار کو فراہم کرسکیں۔ سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔