راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ نیو ٹاؤن میں درج مقدمے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 28 ستمبر کو راولپنڈی میں احتجاج پر اکسانے کے کیس کی سماعت کی۔
دورانِ سماعت اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے عدالت سے درخواست کی کہ بانی پی ٹی آئی کی کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے کیونکہ عمران خان کی کال پر دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود مظاہرین نے سرکاری املاک پر حملے کیے۔
انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان نے 28 ستمبر کے احتجاج کی منصوبہ بندی اڈیالہ جیل میں کی اور وہیں سے کال دی تھی۔
عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ عمران خان ڈیڑھ سال سے اڈیالہ جیل میں قید میں ہیں، وہ جیل میں رہ کر کیسے اتنی بڑی منصوبہ بندی کرسکتے ہیں؟ یہ مقدمہ سیاسی انتقامی کارروائی ہے اور درج متن مفروضوں پر مبنی ہے۔
بعدازاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد عمران خان کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے تھانہ نیوٹاؤن کے مقدمے میں عمران خان کو 26 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ عمران خان سے جیل کے اندر ہی تفتیش کی جائے۔