کراچی:جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق کاکہنا ہے کہ ٹی ایم سی ماڈل ٹاؤن یوسی 7ضلع کورنگی میں فارم 11اور12 پریزائڈنگ آفیسرز کے دستخط اور انگوٹھے کے نشانات کے مطابق جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے انصار اللہ نے سب سے زیادہ ووٹ 2967،پیپلزپارٹی نے 1041،پی ٹی آئی 704،نواز لیگ 6،ٹی ایل پی نے 51ووٹ حاصل کیے ہیں۔
رکن سندھ اسمبلی نے کہاکہ نتائج کی تبدیلی میں اے آراو اور آر او نے بنیادی کردار ادا کیا، آر او نعمت اللہ چاچڑ یہ اسسٹنٹ کمشنر اور اے آر او راشد علی رضوی نے مل کر نتیجے کو تبدیل کیا جب کہ جماعت اسلامی، پی ٹی آئی، ٹی ایل پی کے پاس اصل نتائج جو پریزائڈنگ آفیسرز نے پولنگ اسٹیشنز سے جاری کیے تھے موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ 8فروری کے عام انتخابات کے نتائج میں بھی یہی ہوا پانچویں نمبر کی پارٹی کو فارم 47کے مطابق جتوادیا گیا اور اسی طرح ضمنی بلدیاتی انتخابات میں بھی یہی ہوا۔
خیال رہے کہ محمد فاروق 2023کے بلدیاتی انتخابات میں یوسی 7ماڈل ٹاؤن سے چیئرمین منتخب ہوئے تھے اور8فروری 2024کے عام انتخابات میں وہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے جس کے باعث اس نشست پر 14نومبر کو ضمنی بلدیاتی انتخابات ہوئے۔