اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں وی پی این بلاک کرنے کا تاثر درست نہیں ہے۔
اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمن کا کہنا ہے کہ ملک میں وی پی این بلاک کرنے کا تاثر درست نہیں ہے، بہت سے ممالک وی پی این کو ریگولیٹ کر رہے ہیں، بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہم سب کی ذمے داری ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کہا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 19 اظہار رائے کی آزادی دیتا ہے وہیں کلچرل باؤنڈریز بھی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ وی پی این کی رجسٹریشن کے لیے ہم پندرہ سال دے چکے ہیں پاکستان میں دسمبر 2010 میں پہلا وی پی این رجسٹر کیا گیا تھا، بزنس مقاصد کے لیے وی پی این کی ضرورت ہوتی ہے۔
حفیظ الرحمن نے غیراخلاقی اور ریاست مخالف مواد کے حوالے سے شکایات سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھیجنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ سوشل میڈیا کمپنیاں ایسے مواد کو فوری ہٹانے میں تعاون کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کی حدود کا خیال ضرور رکھیں، خطے میں انٹرنیٹ بندش کے حوالے سے ممالک میں پاکستان کا نمبر بہت پیچھے ہے۔