ندیم احمد پر حملہ،پی ایف یو جے،حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی مذمت

87

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پی ایف یو جے ،حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی صحافی ندیم احمد پر قاتلانہ حملے کی مذمت، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے حملہ آوروںکی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کردی۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سینئر نائب صدر جنید خانزادہ،اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل حامد شیخ،ممبر ایف ای سی حمید الرحمان،محمد حسین خان و دیگر اراکین نے 92 نیوز چینل کراچی کے رپورٹر ندیم احمد پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی صحافت اور حق و سچ کی آواز دبانے کے لیے شرپسند عناصر صحافیوں پر تشدد اور قاتلانہ حملے کررہے ہیںحکومت و سیکورٹی ادارے صحافیوں کے تحفظ میں ناکام ہوچکے ہیں، ایک صحافی پر اس کے دفتر کے سامنے فائرنگ کا واقعہ کراچی پولیس کی کارکردگی پر بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔ حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر لالا مرزا خان، سینئر نائب صدر محمد خالد شیخ، نائب صدرشمشیر خاصخیلی، جنرل سیکرٹری عارف نورانی، خازن وسیم شیر وانی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری علی قریشی اطلاعات سیکرٹری اقبال پرویز خان، واراکین مجلس عاملہ نے 92نیوز چینل کے کراچی کے کرائم رپورٹر ندیم احمد پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سندھ حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، پے در پے صحافیوں کے قتل اور قاتلانہ حملے کے واقعات اور ملزمان کی عدم گرفتاری جمہوری حکومت کیلیے سوالیہ نشان ہے ۔پی ایف یو جے اور ایچ یو جے کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ندیم احمد پر حملہ کرنے والوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے سینئر نائب صدر ناصر شیخ سمیت دیگر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ندیم احمد پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو کسی طورپر بھی معاف نہیں کیا جائیگا اور جلد ہی ان کے ملزمان گرفتار ہوں گے۔