دارالاطفال کے بچے ہماری ذمہ داری ہیں، محکمہ صحت

11

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سوھنی دھرتی یوتھ کونسل کے زیر اہتمام بچوں کا عالمی دن دارالاطفال حیدرآباد کے بچوں کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حیدرآباد ڈاکٹر لالا جعفر مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کہا بچے ہمارا اور ہماری قوم کا مستقبل ہیں، محکمہ صحت نے یہ عزم کر رکھا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو ہر بیماری سے محفوظ رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا سمیت یہ دن ہم دارالاطفال کے یتیم بچوں کے ساتھ منا رہے ہیں کیونکہ ہمیں ان بچوں سے پیار ہے، ان کی تعلیم، صحت ہماری ذمہ داری ہے۔ ڈائریکٹر دارالاطفال ارشاد بلوچ نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ہم ان بچوں کو تمام وہ سہولیات فراہم کریں جو اپنے بچوں کو دے رہے ہیں، ہم کونسل کے مشکور ہیں کہ وہ ہر سال ہمارے ان بچوں کو یاد رکھتے ہیں۔ کونسل کے چیئرمین مختار احمد خان نے کہا کہ ہمارا عزم انسانیت کی خدمت ہے اور ہم یہ عالمی دن دارالاطفال میں منا کر خدمت کر رہے ہیں، ہمیں ان کی تعلیم وتربیت بہترین کرنا ہے۔ محمد رفیق راجپوت نے کہا کہ ہم یہ دن منا کر دنیا کو بھی بتانا چاہتے ہیں کہ ہمیں اپنے بچوں سے پیار ہے۔