حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے سینئر مرکزی نائب صدر محمد خالد قادری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حیسکو کے راشی اور نااہل افسران نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا، افسران اپنا قبلہ درست کرلیں بصورت دیگر بھرپور احتجاج کیا جائے گا جس میں تاجر برادری اور سول سوسائٹی بھی شریک ہو گی، حکومت اور منتخب نمائندے عوام کو لاوارث چھوڑ کر ستو پی کر سوگئے، کوئی پرسان حال نہیں، ظلم کی انتہا دیکھیں، منگل کے روز لطیف آباد کی بجلی صبح پونے 7 بجے سے رات پونے 9 بجے 14 گھنٹے بند تھی اور پھر رات بھر آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ تماشا کر رکھا ہے، کون سے ترقیاتی و مرمتی کام ہورہے ہیں جس کے نام پر صبح سے دوپہر اور شام تک روزانہ بجلی بند کر دی جاتی ہے؟ جبکہ حیسکو کا وہی ناقص نظام ہے، لطیف آباد نمبر 8 اور دیگر علاقوں میں وہی پول سڑکوں کے درمیان لگے ہوئے ہیں، کئی سال گزرنے کے باوجود سائیڈ پر نہیں لگائے جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو کی وجہ سے حیدرآباد کا کاروبار تباہ ہوگیا ہے شہری ذہنی اذیت کا شکار ہو گئے اور موسم سرما میں بھی 8 سے 10 گھنٹے اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ محمد خالد قادری نے آرمی چیف اور چیف جسٹس سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ازخود نوٹس لے کر حیدرآباد کے شہریوں کو حیسکو کے مظالم سے نہ صرف نجات دلائیں بلکہ حیسکو کے راشی اور نااہل افسران کے خلاف بھرپور کارروائی بھی کریں۔