اسریٰ یونیورسٹی ،سول انجینئرنگ کی نئی عمارت اکا افتتاح

37

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سینئر صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ طلباء ہمارے مستقبل کے ہیروز ہیں، پوری دنیا میں نوجوان نسل نئے آئیڈیاز کے ساتھ نئے حل سامنے لا رہے ہیں، ہمیں چاہیے کہ اپنی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ ہمارے نوجوان بھی آگے بڑھ کر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ اسریٰ یونیورسٹی حیدرآباد میں فیکلٹی آف سول انجینئرنگ سائنس کی نئی تعمیر شدہ عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اسریٰ یونیورسٹی حیدرآباد کے لیے اچھا کام کر رہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے طلباء کے اسٹالز دیکھے اور کہا ہمارے طلبا بہت اچھا کام کر رہے ہیں، نئی چیزیں سامنے لا رہے ہیں، ہمیں اپنے نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے چاہئیں تاکہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے اپنی صلاحیتوں کا مثبت استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار حکومت سندھ ہوا سے بجلی پیدا کر رہی ہے اور تھر کے کوئلے سے پہلی بار بجلی بنانے کا سلسلہ بھی پیپلز پارٹی نے شروع کیا، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے تھر کول منصوبہ شروع کیا تھا لیکن بدقسمتی سے ان کی حکومت کے خاتمے کے بعد دوسری حکومت نے تھر کول منصوبہ بند کر دیا۔ بعد میں محترمہ کے منشور کے تحت 2008 میں صدر آصف علی زرداری صدر بنے تو انہوں نے یہ منصوبہ دوبارہ شروع کیا، آج تھرپارکر کے کوئلے سے ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، اس حوالے سے معاشی ماہرین بھی معترف ہیں کہ سستی بجلی کوئلے سے ہی پیدا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے پورے پاکستان کو یہ تحفہ دیا ہے اور تھر کے کوئلے سے سستی بجلی سسٹم میں شامل ہو رہی ہے۔ نوجوانوں کو اپنے پیغام میں سینئرصوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے روزگار کے مواقع موجود اور ہمارے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں، ہمیں بطور قوم اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہوگا تاکہ ہمیں کسی کی طرف مدد کے لیے دیکھنا نہ پڑے، نوجوان مایوس نہ ہوں، ہم سب ایک مضبوط ملک و قوم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر حکومت سندھ نوجوانوں کے لیے بہت سے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور بی آئی ایس پی کے تحت نوجوانوں کو اسکلز سکھائے جا رہے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں حکومت سندھ ایسے مزید منصوبے لائے گی جس کے تحت ہمارے نوجوان عزت سے اپنا روزگار کر سکیں گے۔ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہت کام کیا ہے، کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، لاڑکانہ، سکھر اور شہید بینظیر آباد میں پیپلز بس سروس شروع کی گئی ہے اور پاکستان کی پہلی ای وی بس اور خواتین کے لیے مخصوص پنک بس سروس بھی پورے پاکستان میں پہلی بار حکومت سندھ نے شروع کی، کراچی میں یلو لائن اور ریڈ لائن بی آر ٹی پر کام چل رہا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ حیدرآباد کو بھی بی آر ٹی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ ڈبل ڈیکر بسز بھی صوبے میں شروع کی جائے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں حکومت سندھ کی کوشش ہے کہ سندھ کے تمام شہروں میں پیپلز بس سروس شروع ہو جبکہ نوجوانوں کے روزگار کے لیے ای وی ٹیکسیز بھی شروع کرنے جار رہے ہیں۔