ہالا: سینئر رہنما پی پی مخدوم امین فہیم کی برسی آج منائے جائیگی

23

ہالا (جسارت نیوز) پی پی کے سینئر رہنما شہید بینظیر بھٹو کے وفادار ساتھی مرحوم مخدوم امین فہیم کی 9 ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، پی پی قومی اسمبلی رکن مرحوم کے بیٹے مخدوم جمیل الزماں، پوتے صوبائی وزیر بحالی مخدوم محبوب الزماں، سندھ حکومت کے ترجمان مخدوم فخرالزماں و دیگر مخدوم برادران درگاہ سرور نوح پر چادر چڑھا کر دُعا کریں گے، مخدوم امین فہیم کی برسی پر پی پی قیادت کی شرکت متوقع ہے، ڈپٹی کمشنر یوسف شیخ نے برسی پر ضلع میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا، مرحوم مخدوم امین فہیم شاعر بھی تھے اور پی پی کی شروعات سے لے کر ان کے والد مخدوم طالب المولا سے لے کرآج تک ان کا خاندان پی پی میں شامل ہے۔ دوسری طرف سروری تنظیم پاکستان اور سندھ ادبی بورڈ کے چیئرمین مخدوم سعیدالزماں عاطف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مرحوم مخدوم امین فہیم مفکر اور مثبت سوچ کے مالک اور شریف النفس وفاداری اور سچائی کے پیکر انسان تھے، ان کے انتقال سے سیاست میں بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے، مرحوم مخدوم امین فہیم نے شہید بے نظیر بھٹو کی جلاوطنی میں پی پی قیادت کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائی، وزارت عظمیٰ کی پیشکش ٹھکراکر پی پی سے وفاداری کا ثبوت دیا، مرحوم کی پی پی کے لیے لازوال قربانیوں کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔