کنری(جسارت نیوز)کنری کے اللہ والا چوک پر اہلسنت والجماعت کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان اور فقید المثال آل سندھ “حرمت رسول واستکام پاکستان” کا نفرنس کا انعقاد کیا گیاجس میں ہزاروں عاشقانِ رسولﷺ نے شرکت کرکے اپنے جذبہ عشقِ رسول اور حب الوطنی کا بھرپور اظہار کیا ، کانفرنس کے مہمانِ خصوصی سابق رکن پنجاب اسمبلی اور رہنما پاکستان راہ حق پارٹی مولانا محمد معاویہ اعظم طارق تھے۔کانفرنس سے مولانا محمد اعظم طارق نے تاریخ ساز خطاب کرتے ہوئے تحفظِ ناموسِ رسالت اور پاکستان کے استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔مولانا معاویہ اعظم طارق نے اپنے خطاب میں کہا کہ حرمت رسول ایمان کی اساس ہے اور امت مسلمہ کبھی بھی اس پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام اسلام کے نام پر ہوا تھا، اور اس کے استحکام کے لیے ہمیں متحد ہو کر اپنی کوششوں کو تیز کرنا ہوگا۔انہوں نے نوجوانوں کو دعوت دی کہ وہ اپنے دین اور ملک کے تحفظ کے لیے آگے بڑھیں اور اسلام دشمن عناصر کا بھرپور مقابلہ کریں، ناموس صحابہ بل قانونی شکل دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،انہوں نے سیاسی ومذہبی جماعتوں پر زور دیا کہ 20 سال سے امریکاہ قید میں پڑی قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کی امریکی قید سے رہائی کے معاملے کو اپنے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم کے ذریعے اجاگر کریں تاکہ ان کی رہائی ممکن ہو سکے،انہوں نے کہا کہ اب تک سندھ حکومت کئی اضلاع اور علاقوں سے سیلاب کے پانی کی نکاسی نہ کرسکی ہے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کسانوں کیلیے امدادی پیکیج کا اعلان کرے۔کانفرنس سے صدر سنی علما کونسل سندھ کے رہنما علامہ ثنا اللہ حیدری اور قائد کراچی علامہ رب نواز حنفی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطابات میں کہا کہ حرمت رسولﷺپر مر مٹنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے علمائے کرام،نوجوانوں اور تمام محبِ وطن افراد کو مل کر کام کرنا ہوگا،کانفرنس میں عوام کی بھرپور شرکت نے یہ ثابت کر دیا کہ قوم رسول اللہﷺ کی ناموس پر اپنی جان مال اور عزت قربان کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے،انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس قومی یکجہتی اور دین اسلام سے گہری وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے،کانفرنس کے اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دشمنوں کے شر سے محفوظ رکھے اور امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کی نعمت عطا فرمائے،علما کرام نے فقید المثال کانفرنس کے انعقاد پر اہلسنت والجماعت کے مقامی رہنماؤں اور کارکنان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔