مالاگا (اسپورٹس ڈیسک) مایہ ناز ٹینس اسٹار رافیل نڈال ڈیوس کپ میں ہالینڈ کے حریف کے ہاتھوں 2-1کی شکست کے بعد مالاگا میں اپنے مداحوں کی جانب سے پرجوش الوداعی وصول کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔یہ میچ 38 سالہ رافیل نڈال کا آخری پروفیشنل میچ تھا جس سے ان کے شاندار کیریئر کا اختتام ہوا، جذبات سے لبریز ٹینس اسٹار نے مالاگا کے میدان میں 15 منٹ تک مداحون سے گفتگو کی۔22 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن نے اپنے ٹینس کے سفر کو یاد کرتے ہوئے جذبات سے آنسو روکنے کی کوشش توکی تاہم وہ اپنے جذبات قابو نہ کرسکے اور ہزاروں مداحوں کے سامنے آبدیدہ ہوگئے۔ٹینس اسٹار نے ٹینس سفر کو الوداع کرتے ہوئے کہا کہ میں اس راستے میں بہت سارے دوستوں سے ملنے کے بعد ٹینس کی دنیا چھوڑ رہا ہوں، اس ذہنی سکون کے ساتھ جارہا ہوں کہ میں نے ایک کھیل اور ذاتی وراثت چھوڑی جس پر مجھے فخر ہوسکتا ہے۔اس سے قبل رافیل نڈال کا سنگلز میچ بوٹک وین ڈی زنڈشلپ کے ہاتھوں 6-4، 6-4 سے شکست کے ساتھ اختتام کو پہنچا اور ڈیوس کپ سنگلز میں ان کی 29 میچوں کی جیت کا سلسلہ ٹوٹ گیا تھا۔