کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کی 11 سڑکوں پر عدالتی حکم کے باوجود تجاوزات کے خلاف آپریشن نہ ہو سکا‘ عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ لسبیلہ سے گارڈن ویسٹ تک سڑکوں پر تجاوزات کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی جس پرعدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ایسٹ، اینٹی انکروچمنٹ و دیگر سے جواب طلب کرلیا۔ درخواست گزار کاکہناتھا کہ 2022ء میں عدالت نے درخواست پر تجاوزات ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم کے باوجود تجاوزات اب بھی قائم ہیں۔ 11 سڑکوں پر تجاوزات قائم کیے گئے ہیں۔اسلام گنج اسٹریٹ گارڈن تا لیاری ایکسپریس پر تجاوزات ہیں۔ اسلام گنج اسٹریٹ نشتر روڈ پر بھی تجاوزات ہیں۔ رام نگر اسٹریٹ کاشان حیدر اسٹریٹ پر بھی تجاوزات ہیں۔ الفرید، مرزا اور جیورج اسٹریٹ سے بھی تجاوزات نہیں ہٹائے گئے۔ یوسف ملک اور ٹھارو لائن پر بھی تجاوزات قائم کیے ہوئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور اینٹی انکروچمنٹ سیل عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کر رہے۔