اوٹاوا( مانیٹرنگ ڈیسک) کینیڈین پارلیمنٹ میں بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلیے قرارداد پیش کر دی گئی،کنزرویٹو پارٹی کے وائس چیئرمین مائیکل کرام کی جانب سے کینیڈین پارلیمنٹ میں 2 درخواستیں پیش کی گئیں، جن میں بانی پی ٹی آئی کی صوابدیدی نظربندی کو چیلنج کیا گیا ،دونوں درخواستیں کینیڈا کے علاقے ریجائنا ساسکاچوئن سے منتخب کینیڈین پارلیمنٹ کے ہائوس آف کامنز کے رکن مائیکل کرام کی جانب سے پیش کی گئیں، پاکستانی کمیونٹی کے دستخطوں کے ساتھ کینیڈین پارلیمنٹ میں پیش کردہ 2 مختلف پٹیشنز میں کینیڈین حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ حکومت پاکستان سے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا تقاضا کرے۔بتایاگیا ہے کہ پہلی پٹیشن میں اسلام آباد میں کینیڈین ہائی کمشنر کو جیل میں عمران خان سے ملنے اور ان کی صحت سے متعلق رپورٹ دینے کا تقاضا کیا گیا ہے۔دوسری پٹیشن میں کینیڈین حکومت سے عمران خان کی رہائی کیلیے تمام سفارتی اقدامات بروئے کار لانے کا تقاضا کیا گیا ہے۔اپنے حلقہ انتخاب سے پاکستانی کمیونٹی کی کینیڈین پارلیمنٹ میں نمائندگی کرتے ہوئے مائیکل کرام نے کینیڈین پارلیمنٹ کو بتایا کہ دونوں پٹیشنز سابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان سے متعلق ہیں، جنہیں اقوام متحدہ کے مطابق ’صوابدیدی حراست میں رکھا گیا ہے، جو انسانی حقوق کے عالمی منشور کی خلاف ورزی بھی ہے۔