آرمی چیف اور امیر البحر کا کراچی میں جاری دفاعی نمائش کا دورہ

46
کراچیـ:عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر ایک اسٹال پر اسلحے کا معائنہ کررہے ہیں

کراچی/راولپنڈی(اسٹاف رپورٹر/نمائندہ جسارت) پاک فوج کے سپہ سالار سیدعاصم منیر اور امیرالبحرنوید اشرف کا کراچی میں جاری دفاعی نمائش کادورہ‘ تقریب میں شرکت‘ ملکی وغیرملکی مندوبین سے ملاقاتیں‘ پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کاافتتاح کیا۔دوست ممالک کے دفاعی مینوفیکچررز کی نمائش میں شرکت پر حوصلہ افزائی‘واہ انڈسٹریز لمیٹڈ اور ترکیہ کی ریپکان کے درمیان 155 ایم ایم ایمونیشن کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے شہر قائد میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا دورہ کیا اور دوست ممالک کی فعال شرکت کو سراہا ہے۔آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل نے نے تقریب میں موجود غیر ملکی فوجی حکام اور دفاعی مندوبین کے ساتھ ملاقات اورگفتگو بھی کی۔قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے پرتپاک استقبال کیا۔قبل ازیںپاکستان کے پہلے میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب آئیڈیاز 2024 کے دوران ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوئی‘ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے منصوبے کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ (پی ایم ایس ٹی پی)میری ٹائم سائنسز، ٹیکنالوجی، کاروبار اور صنعت کے شعبے میں ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ اہم پیش رفت پاکستان کی جی ڈی پی اور بحری شعبے کی ترقی کے لیے نئے راستے کھولے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی ایم ایس ٹی پی کی کامیابی بصیرت رکھنے والے افراد اور تنظیموں کے ساتھ قائم کی گئی شراکت داری کی عکاس ہے۔پاک بحریہ کے پبلک ریلیشنز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایم ایس ٹی پی ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا میری ٹائم سائنس پارک ہے جو پاکستان کے بحری شعبے میں ترقی کو فروغ دینے کے لیے علمی شعبے، صنعت اور حکومت کو ایک منفرد تعاون کے ساتھ مربوط کرتا ہے۔اس پارک کے اقدامات میں بحری ٹیکنالوجیز، آرٹی فیشل انٹیلی جنس، سائبر سیکورٹی، اوشن رینیوایبل انرجی، سی فوڈ پروسیسنگ، جہاز سازی اور ساحلی سیاحت سمیت متعدد شعبوں کو فروغ دینا شامل ہے‘ یہ منصوبہ کراچی کے علاوہ اسلام آباد، لاہور اور گوادر تک منصوبہ بند توسیع کے ساتھ پاکستان کے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ کراچی میں جاری آئیڈیاز 2024 کے دوران پاکستان کی واہ انڈسٹریز لمیٹڈ اور ترکیہ کی ریپکان کے درمیان 155 ایم ایم ایمونیشن کی پیداواری صلاحیت بڑھانے سے متعلق معاہدے پر دستخط ہوگئے۔دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان ہونے والے معاہدرے پر منیجنگ ڈائریکٹر واہ انڈسٹریز اور ڈائریکٹر ریپکان نے دستخط کیے‘معاہدے کے تحت 155 ایم ایم ایمونیشن کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جائے گا۔معاہدے پر دستخط کے موقع پر نائب وزیر ترکیہ بلال دردالی اور چیئرمین پی او ایف بورڈ لیفٹیننٹ جنرل طاہر حمید شاہ بھی موجود تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نمائش میں کل 557 نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں جن میں سے 333 بین الاقوامی نمائش کنندگان ہیں ، 36 ممالک نے نمائش کنندگان کے اسٹالز لگائے جن میں سے 17 ممالک پہلی بار شرکت کر رہے ہیں۔