کارکردگی کی بنیاد پر پی ٹی آئی کا کے پی کے میں حکومت بننا ناممکن تھا، شیر افضل مروت

190

اسلام آباد: تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت کاکہنا ہے کہ کارکردگی کی بنیاد پر پی ٹی آئی کا کے پی کے میں حکومت بننا ناممکن تھا، کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ ملتا تو کے پی میں پی ٹی آئی کی حکومت نہ بنتی، خیبر پختون خوا میں تیسری بار پی ٹی آئی کی حکومت بنی ہے، اس بار کارکردگی دکھانا ہو گی۔

کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی نے پارٹی پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ  ماضی کے غلط فیصلے پر ڈٹے رہنا بے وقوفوں اور جاہلوں کی نشانی ہے، ہمیں عوام کی خدمت کرکے ان کے دلوں کو جیتنا ہوگا، صوبائی حکومت کی مدد سے لوگوں کے مسائل حل کرنے ہونگے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  24 نومبر کے احتجاج میں بھر پور شرکت کرکے کپتان کی آواز بننی ہوگی، فساد پھیلانے والوں سے ہوشیار رہنا ہوگا، اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے قبل از وقت انتظامات مکمل کرنے ہونگے۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ فارم 47 کی بنیاد پر قائم  حکومت نے  اگر احتجاج میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو سنگین نتائج بھگتنا ہونگے، احتجاج کا حق ہر پارٹی کا ہے ، اسی لیے ہمیں روکا نہ جائے ،  مطالبات منظور ہونے تک احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔