پی ٹی آئی احتجاج: نظر رکھنے کیلئے مانیٹرنگ یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ

91

اسلام آباد: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 24 نومبر کو احتجاج کے تمام امور پر نظر رکھنے کے لیے مانیٹرنگ یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 10 رکنی مانیٹرنگ کمیٹی بنا دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی نے کہاکہ  مانیٹر یونٹ قائم کرنے کا مقصد ہر رکن کے قافلوں میں گاڑیوں اور کارکنان کی تمام تفصیلات اکھٹا کرنا ہے،علاوہ ازیں قافلوں کی متعلقہ علاقوں سے اسلام آباد پہنچنے کی تمام ویڈیوز دیکھے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ فنڈریزنگ کا ہدف پورا نہ ہونے پر صرف اوورسیز سے فنڈ ریزنگ کے لیے ویب سائیڈ تشکیل دی گئی ہے،پنجاب کے ہر حلقے سے کارکنوں کی ٹرانسپورٹ، رہائش اور کھانے کی ذمہ داری ارکان اور ٹکٹ ہولڈر کی ہو گی جب کہ ٹرانسپورٹ نہ ملنے کی صورت میں پلان بی  کے مطابق موٹر سائیکلوں کا انتظام کیا جائے گا اور پارٹی ٹاسک سے کم افراد لانے والی رہنما کی رپورٹ قیادت کو پیش کی جائے گی۔

دوسری جانب  تحریک انصاف کی 24 نومبر کو اسلام آباد احتجاج کی کال پر لاہور میں پولیس نے کریک ڈاؤن شروع کردیاہے، اب تک درجن کے قریب کارکنان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج میں ہر رکن اسمبلی کو 10 ہزار افراد لانے کا حکم دیا ہے، ہدف مکمل نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے، جس کے بعد پارٹی رہنماؤں نے آپس میں سرجوڑ کر مشاورتی اجلاس بلایا ہے۔