سندھ میں ایم ڈی کیٹ 2024 کے دوبارہ انعقاد کی تاریخ کا اعلان 

148

کراچی : سندھ میں میڈیکل اور ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2024 کے دوبارہ انعقاد 8 دسمبر ( اتوار ) کو ہوگا ۔

باخبر زرائع کے مطابق انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) سکھر ایم ڈی کیٹ 2024 کا دوبارہ انعقاد 8 دسمبر (اتوار) کو کرے گا۔

آئی بی اے سکھر نے ٹیسٹ کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ایم ڈی کیٹ کے ہموار انعقاد کے لیے کراچی میں تین مراکز قائم کیے جائیں گے جبکہ حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ اور نوابشاہ میں بھی ٹیسٹ سینٹرز بنائے جائیں گے۔

26 اکتوبر کو سندھ ہائی کورٹ (ایس ایچ سی) نے ایم ڈی کیٹ 2024 کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ایک ماہ کے اندر دوبارہ انعقاد کا حکم دیا تھا۔

تحریری فیصلے میں عدالت نے کہا کہ “تحقیقی کمیٹی نے تسلیم کیا ہے کہ پورا امتحانی نظام متاثر ہوچکا ہے۔”

عدالت نے مزید کہا کہ دوبارہ ٹیسٹ لینے کے علاوہ کوئی اور راستہ موجود نہیں ہے، اور یہ کہ سندھ حکومت، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) اور ڈاؤ یونیورسٹی کے نمائندوں نے دوبارہ ٹیسٹ کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے ۔

کورٹ نے صوبائی حکومت، سیکریٹری صحت، اور سیکریٹری بورڈ آف یونیورسٹیز کو پی ایم ڈی سی کی ہدایات کے تحت ایک ماہ کے اندر ٹیسٹ دوبارہ لینے کا حکم دیا۔

30 ستمبر کو ڈاؤ یونیورسٹی نے ایم ڈی کیٹ کے نتائج کے اعداد و شمار جاری کیے تھے۔ سندھ بھر سے 22,366 امیدوار کامیاب ہوئے تھے، جن کی کامیابی کی شرح 58.79 فیصد رہی تھی ۔