انقرہ : ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسرائیلی صدر کو ترکیہ کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی تھی ۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک صدر نے تصدیق کی کہ انہوں نے اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ کو آذربائیجان میں ہونے والی کلائمٹ ایکشن سمٹ میں شرکت کے لیے ترکیہ کی فضائی حدود استعمال کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
برازیل میں جی 20 اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اردوان نے کہا، “ہم نے اسرائیلی صدر کو سمٹ میں شرکت کے لیے ہماری فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی، اور متبادل راستے تجویز کیے ہیں ۔”
ترکی کی جانب سے انکار کے بعد اسرائیلی صدر نے آذربائیجان کا دورہ منسوخ کر دیا تھا ۔
اسرائیلی صدارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ “صورتحال کے جائزے اور سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر صدر نے آذربائیجان میں کلائمٹ کانفرنس کے لیے اپنا دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔”
واضح رہے کہ ایک سال قبل حماس کے حملے کے بعد اسرائیل نے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف تباہ کن جنگ شروع کی ہے ۔ اس جنگ کے آغاز پر ترکیہ نے اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا تھا، تاہم دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے ہیں ۔