بنو خودکش حملہ : 12 اہلکار شہید ہو گئے ، آئی ایس پی آر

97
one person killed

بنو: خیبرپختونخوا کے ضلع بنو میں ایک خودکش حملے میں 12 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے، حملہ مالاخیل کے علاقے میں مشترکہ چیک پوسٹ پر کیا گیا ہے ۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق خوارج نے چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے ان کی کوشش ناکام بنا دی، جس پر حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی ۔

خودکش حملے کے نتیجے میں چیک پوسٹ کی حفاظتی دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور ساتھ موجود انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا، جس کے باعث 12 اہلکار، جن میں 10 فوجی اور 2 فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار شامل ہیں، شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اس گھناؤنے کام میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

قلات حملہ ناکام

17 نومبر کو قلات کے شاہ مردان علاقے میں چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنایا گیا تھا، جس میں 6 دہشتگرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے ۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ 15 اور 16 نومبر کی درمیانی رات دہشتگردوں نے قلات کے علاقے شاہ مردان میں چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، لیکن سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے لڑتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

بیان کے مطابق، “دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں آپریشن جاری ہے، اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔”