لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف درج مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے ان کی بہن نورین نیازی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔
دورانِ سماعت محکمہ داخلہ پنجاب اور وفاقی حکومت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی پر درج مقدمات کی رپورٹس عدالت میں پیش کی گئیں۔
وفاق حکومت کے وکیل نے عدالت میں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد پولیس نے 62 کیسز درج کر رکھے ہیں اور پنجاب کی حدود میں 54 مقدمات درج ہیں۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ عمران خان کو تمام مقدمات میں ضمانت دی جائے، اس پر جسٹس فاروق حیدر نے کہا کہ میرے نزدیک ملزم کا ضمانت قبل از گرفتاری میں عدالت کے روبرو پیش ہونا ضروری ہے۔
بعد ازاں عدالت نے تمام رپورٹس کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین نیازی کی درخواست نمٹا دی۔