قیمتوں میں مسلسل اضافہ، بجلی کی فروخت میں 11فیصد کمی ریکارڈ

92

اسلام آباد:ملک میں بجلی کی قیمت میں مسلسل اضافے کی وجہ سے فروخت میں گیارہ فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیپرا میں قیمتوں میں اضافے سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران حیران کن اعداد و شمار پیش کیے گئے، جن سے پتا  چلتا ہے کہ ملک میں بجلی مہنگی ہونے کی وجہ سے اس کی فروخت میں گیارہ فی صد تک کمی ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں آج جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کیلیے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمت میں اضافے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں ڈسکوز کی جانب سے 6 ارب 47 کروڑ روپے کا عوام پر بوجھ ڈالنے کی درخواست کی گئی ہے۔

سماعت کے دوران پیش کی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ کیسکو ریجن میں سب سے زیادہ بجلی فروخت میں تقریباً 19 فیصد کمی ہوئی ہے۔ اسی طرح میپکو کی بجلی فروخت میں15.76 فیصد، فیسکو 14.48، پیسکو 14.47، لیسکو 8.41 فیصد، ٹیسکو 7.41، گیپکو 6.14، سیپکو ریجن میں 5.62، حیسکو ریجن 4.54،آئیسکو میں 4.02 فیصد تک بجلی کی فروخت کم ہوگئی۔

نیپرا نے رپورٹ میں پیش کیے گئے اعداد و شمار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی فروخت میں کمی کا بوجھ صارفین پر آ رہا ہے، جب کہ اگر یہ ہدف کے مطابق فروخت ہوتی تو صارفین کو 60 ارب تک کا فائدہ ہوتا۔