بنگلادیش کو ڈینگی وبا سے نمٹنے میں مدد کی پاکستانی پیشکش

93
more people

اسلام آباد: بنگلادیش کو ڈینگی وبا سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی جانب سے مدد کی پیش کش کی گئی ہے۔

بنگلادیش میں رواں برس ڈینگی کا شکار بن کر 400 سے زائد افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جس کے بعد پاکستان کی جانب سے ڈینگی کی وبا سے نمٹنے کے لیے بنگلادیش کو مدد کی پیش کش کی گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں کہا گیاہ ے کہ بنگلادیش میں ڈینگی وبا سے انسانی جانوں کے ضیاع پر بہت افسوس ہوا ہے، پاکستان اس آزمائش کے وقت میں اپنے بنگلادیشی بھائیوں کے ساتھ ہے اور پاکستان اس سلسلے میں ہر طرح سے مدد کے لیے تیار ہے۔

یاد رہے کہ بنگلادیش میں رواں برس صرف 5 ماہ کے دوران (مئی تا ستمبر) ڈینگی کے کیسز میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ بنگلادیشی ذرائع ابلاغ میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال کے دوران اب تک ڈینگی کی وجہ سے 421 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ مجموعی طور پر 81 ہزار سے زیادہ کیسز کا اندراج ہو چکا ہے۔