وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ فخر زمان کے فٹنس مسائل تھے،فخر زمان میچ ونر ہے، فٹ ہوگا تو ترجیح دی جائے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ فخر زمان کے جیسے ہی فٹنس مسائل حل ہوتے ہیں، انہیں منتخب کر لیں گے، اس میں کوئی شک نہیں کہ فخر زمان میچ واریئر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوچنگ میرے لیے نئی نہیں، میرا کوچنگ میں 20 سال کا تجربہ ہے، ڈبل رول کی وجہ سے کوئی مسئلہ نہیں ہو گا،ابھی ون ڈے اور چیمپئنز ٹرافی اولین ترجیح ہے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں ابھی ایک سال سے زیادہ عرصہ باقی ہے،ٹی 20 میں کافی تبدیلیاں نظر آئیں گی،کوچنگ میرا پیشن اور پیشہ ہے، ابھی آپ کو ٹیم میں ایک تسسلس اور ہم آہنگی نظر آئےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملتان ٹیسٹ سے لیکر اب تک ایسا کوئی موقع نہیں آیا کہ کوچ اور کپتان سے مشاورت نہ کی گئی ہو ،سلیکشن کمیٹی میں پہلے ذمے داری ملی، سلیکشن سے متعلق مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔