کینیڈا کی سرحدیں غیر محفوظ ہیں، امریکا واویلا

75

امریکا نے کینیڈا کی سرحدوں کے غیر محفوظ ہونے کا واویلا شروع کردیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران کئی بار کہا تھا کہ اگر وہ دوبارہ امریکا کے صدر منتخب ہوئے تو غیر قانونی تارکینِ وطن کو نکالنے کے لیے کچھ بھی کر گزریں گے۔ انہوں نے فوج کو استعمال کرنے کا بھی عندیہ دیا تھا۔ اس حوالے سے امریکی محکمہ دفاع کے حکام اب شدید الجھن میں ہیں۔

سرحدوں کی نگرانی اور چوکسی سے متعلق امور میں ڈونلڈ ٹرمپ کے فرنٹ مین ٹام ہومین کا کہنا ہے کہ کینیڈا نے ایک عشرے کے دوران سرحدوں کی نگرانی پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جس کے باعث امریکا کے لیے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ اُن کا استدلال ہے کہ کینیڈا کی کمزور بارڈر سیکیورٹی کا فائدہ اٹھاکر دہشت گرد امریکا میں داخل ہوسکتے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ غیر قانونی تارکینِ وطن کی دراندازی کا خطرہ بھی توانا ہے۔

ٹام ہومین کا کہنا ہے کہ امریکا اس بات کو کسی بھی حال میں برداشت نہیں کرسکتا کہ دہشت گرد یا غیر قانونی تارکینِ وطن کینیڈا کو آسان راہداری کے طور پر استعمال کریں۔ اب وقت آگیا ہے کہ جسٹن ٹروڈو کینیڈا کی سرحدوں کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنانے پر توجہ دیں۔ غیر قانونی تارکینِ وطن کو امریکا میں دراندازی کے لیے کینیڈا کی طرف سے کوئی آسانی یا سہولت نہیں ملنی چاہیے۔