سکھر (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی ضلع سکھر زبیر حفیظ شیخ کا انجن شیڈ کالونی میں گیس کی بندش پر تشویش کا اظہار، امیر جماعت اسلامی ضلع سکھر زبیر حفیظ شیخ نے نیو پنڈ کی ریلوے انجن شیڈ کالونی میں گزشتہ چار ماہ سے گیس کی بندش پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گیس کی طویل بندش نے وہاں کے رہائشیوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ لوگ کھانے پکانے اور دیگر بنیادی ضروریات کے لیے پریشان ہیں، لیکن حکومت اور سوئی گیس انتظامیہ کی خاموشی قابل افسوس ہے۔ زبیر حفیظ شیخ نے حکومت اور سوئی گیس انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ اگر جلد ریلوے انجن شیڈ کالونی کی گیس سپلائی بحال نہ کی گئی تو جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کی کال دینے پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنا حکومت کی ذمے داری ہے اور اس طرح کی غفلت عوامی مسائل کو مزید بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس بندش کے مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے اور اس کی مکمل تحقیقات کی جائیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے مسائل سے بچا جا سکے۔ زبیر حفیظ شیخ نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ عوام کے حقوق کی آواز بلند کرتی رہے گی اور اس معاملے میں بھی متاثرہ لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ جماعت اسلامی ضلع سکھر کی جانب سے اس اہم مسئلے پر فوری ایکشن کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی آ سکے۔