خاتون پولیس افسر کی گھر پر قبضے کی کوشش اور قتل کی دھمکیوں کیخلاف احتجاج

15

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) گھمن آباد ہالا ناکہ کی رہائشی مسمات تسلیم زوجہ محمد اکبر نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ خاتون پولیس افسر اور اس کے بھائی و دیگر رشتہ داروں کی جانب سے گھر پر قبضے کی کوشش اور قتل کی دھمکیوں کے خلاف پریس کلب پر احتجاج کیا۔ اس موقع پر مسمات تسلیم نے الزام عائد کیا کہ پولیس میں تعینات دور کی رشتہ دار خاتون اے ایس آئی عاصمہ بلوچ اور اس کا بھائی خان بلوچ ولد افتخار بلوچ نے ہمیں ذاتی گھر سے بے دخل کرکے قبضے کی کوشش، تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے قتل کی دھمکیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ اے ایس آئی عاصمہ بلوچ میری رشتے میں نواسی لگتی ہے جس کا میری جائیدار یا میرے ساتھ کوئی قانونی تعلق نہیں ہے لیکن اس کے باوجود میری زندگی ہی میں میرے گھر پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مذکورہ معاملے پر ایس ایس پی آفس میں درخواست بھی دی ہے۔ انہوں نے ڈی آئی جی حیدرآباد، ایس ایس پی حیدرآباد سے معاملے کا نوٹس لے کر انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی۔