کنری: چھت سے پھندا لگی لڑکی کی لاش برآمد

5

کنری (جسارت نیوز) نواحی قصبے بوسٹاں کی وینجھراج کالونی میں 14 سالہ نوجوان لڑکی جیجاں بنت بیکھو میگھواڑ کی گھر کے اندر چھت سے لٹکی پھندا لگی لاش ملی ہے، اطلاع ملنے پر پولیس نے تعلقہ اسپتال منتقل کردیا، لڑکی کے بھائیوں نے واقعے کو خودکشی قرار دیا ہے، ورثاء کا کہنا تھا کہ لڑکی کا والد پہلے ہی دیہانت کر گیا ہے، لڑکی اپنے بھائی کے ساتھ رہتی تھی، لڑکی کا دماغی توازن درست نہ تھا جس کی وجہ سے یہ اقدام اُٹھایا ہے۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کی لاش کا پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا تاکہ اس کی مبینہ خودکشی کی اصل وجہ کا پتہ چل سکے۔ یاد رہے کہ ضلع عمرکوٹ میں خودکشی کے واقعات تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہے، آئے روز خودکشی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں جبکہ خودکشی کے ہر واقعے پر ورثاء یہی راگ الاپتے ہیں کہ مرنے والے کا دماغی توازن درست نہ تھا تاکہ پولیس کارروائی اور پوسٹ مارٹم سے بچا جا سکے، اگر پولیس صحیح معنوں میں اس کی مکمل تحقیقات کرکے اس کے محرکات کا پتہ چلائے تو خودکشیوں کے واقعات میں کافی حد تک کمی آسکتی ہے۔