فاسٹ فورڈ بیکری کی مصنوعات ذیابیطس کا باعث بنتی ہیں،ڈاکٹڑ اعجاز

29

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ماہِ نومبر کو شوگر سے بچاؤ کا مہینہ قرار دینے اور محکمہ صحت سندھ کی جانب سے شوگر کے مرض سے بچاؤ کیلیے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے حوالے سے سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز سندھ این سی ڈی ڈاکٹر اعجاز احمد عباسی، ڈاکٹر پرویز احمد شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رخسانہ پریت چنڑ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عظیم احمد میمن اور دیگر نے کہا کہ پاکستان میں ذیابیطس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے، پاکستان ذیابطیس میں دنیا میں پہلے نمبر پر آچکا ہے، آج کے دور میں موبائل کا بہت زیادہ استعمال بھی نقصان دہ ہے، جبکہ فاسٹ فوڈ اور بیکری کی مصنوعات، جنک فوڈ چپس، برگر، کولڈ ڈرنکس اور اس طرح کی دیگر مصنوعات ذیابیطس کا سبب بنتی ہیں، عوام کو ان تمام اشیا سے پرہیز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سردی کے موسم میں شوگر کے مریضوں کو اپنی شوگرکا خاص خیال رکھنا چاہیے، خون میں شوگر لیول بڑھنے کی اہم وجوہات ورزش میں سستی، طبیعت میں آرام پسندی، موسم کے حساب سے کھانے پینے کی مقدار میں اضافہ، مختلف اقسام کے حلوہ جات کا استعمال، غیر معمولی نزلہ، زکام، جسم میں انفیکشن کا باعث بنتا ہے جس سے لڑنے والے ہارمونز شوگر میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں موبائل کا بہت زیادہ استعمال نقصان دہ ہے، اس لیے آپ خود کو موبائل سے زیادہ استعمال سے بچائیں، خاص طور پر اپنے بچوں کو موبائل کے استعمال سے روکیں۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ لوگ چینی، مٹھائی اور ان کی مصنوعات کا کم مقدار میں استعمال کریں، ورزش زیادہ اعتدال پسند ہونی چاہیے، روزانہ چہل قدمی کو ترجیح دینی چاہیے، اپنے وزن میں اضافے کو روکنے کی کوشش کریں، کھانا وقت پر کھائیں اور نیند پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ فوڈ اور بیکری کی مصنوعات، جنک فوڈ چپس، برگر، کولڈ ڈرنکس اور اس طرح کی دیگر مصنوعات ذیابیطس اور موٹاپے کا باعث بنتی ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق اپنے ٹیسٹ لازمی کروائیں اورذیابطیس کے عالمی دن کے موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم سب مل کر اپنی زندگی کو صحت مند طریقے سے گزاریں گے اور پاکستان میں ذیابطیس کی بڑھنے والی شرح کو کم کرنے میں حکومت کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دالوں، سبزیوں اور پھلوں کے استعمال کو ترجیح دے کر اور روزانہ آدھا گھنٹے کی واک کرکے ذیابیطس کے مرض سے بچا جا سکتا ہے۔