حیسکو چیف کی بجلی چوری کے خاتمے کی خاص ہدایت

30

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیسکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد روشن اوٹھو نے آپریشن سب ڈویژن رضوی، صدر اور سٹیزن کا اچانک دورہ کیا اور فیلڈ میں جاری انسداد بجلی چوری، ریکوری کا جائزہ لیا اور ہدایت دیں کہ بجلی چوری کا مکمل خاتمہ اور بقایا جات کی 100 فیصد وصولی یقینی بنائیں، جبکہ حیسکو چیف کی واضح ہدایت ہیں کہ آپ لوگوں نے روزانہ صبح 11 سے ایک بجے تک کھلی کچہریاں قائم کرنی ہیں جو بھی غفلت کرے گا، اسے سخت سزا دی جائے گی اور نوکری سے بھی فارغ کیا جائے گا، سیفٹی کے اُصولوں کے مطابق اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں، بجلی چور ہمارا دشمن ہے، بجلی چوری کا خاتمہ ہماری ترجیح ہے جس کا مکمل خاتمہ کیا جائے، حیسکو کمرشل ادارہ ہے جو اپنے صارفین تک بجلی کی فراہمی کا کام سرانجام دیتا ہے، نادہندگان سے 100 فیصد واجبات کی وصولی کریں، 100 فیصد بجلی کے بلوں کی ادائیگی کرنے والوں کو لوڈ شیڈنگ فری بجلی کی فراہمی دے سکیں۔ اس موقع پر ایس ای حیدرآباد سرکل رشید احمد انصاری، ایکسین قاسم آباد مجیب الرحمن سیال، ایکسین لطیف آباد I- اسداللہ عامر پیرزادہ، ایکسین لطیف آباد II- سید عاقب عباس شاہ اور متعلقہ سب ڈویژنوں کے ایس ڈی اوز اور تکنیکی عملہ بھی موجود تھے۔