حکومت معیشت کی بہتری کیلئے عمل پیرا ہے،قاسم نوید نوید قمر

26

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ مراد علی شاہ کی قیادت میں صوبے کی معیشت بہتر بنانے کے منصوبوں پر عمل پیرا ہیں۔ اس بات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان روڈ پر جدید مشینری سے آراستہ دیویا رولر فلور ملز کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دیویا رولر فلور ملز کے سبب علاقے کے کاشتکار کی فصل کو تحفظ ملے گا اور کاشتکار اپنی محنت کا بروقت معاوضہ وصول کرسکیں گے۔ دیویا رولر فلور ملز میں جدید ترین مشینری کے استعمال سے دوسرے صنعتکاروں میں بھی جدت کی جانب رغبت بڑھے گی، محکمہ سرمایہ کاری سندھ کا ادارہ سندھ انٹر پرائز ڈیویلپمنٹ فنڈ چھوٹی، درمیانی درجے کی صنعتوں کی مکمل حوصلہ افزائی کر رہا ہے، حکومت سندھ کی کوشش ہے کہ کاشتکار کو اپنی فصلوںسے فائدہ اُٹھانے کے لیے سہولیات کے قریب ترین مواقعے مہیا کیے جائیں تاکہ فصلوں کو نقصانات سے بچایا جاسکے، دیویا رولر فلور ملز کا گندم کی فصل کے علاقے میں قیام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کاشتکاروں کو پیداوار کی معقول قیمت دلوانے کے لیے کاشتکاروں کو تمام ضروری معاونت فراہم کرنے پر کار بند ہے اور فصل سے قریب ترین مارکیٹ ترسیل کے لیے ٹرانسپورٹ اور پیداوار کو محفوظ رکھنے کیلیے کولڈ اسٹوریج جیسی ضروری سہولیات فراہم کرنے کیلیے باہمی مشاورت سے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی مدد کے لیے سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ صوبائی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں فعال ہے، انہوں نے ترقی پذیر ممالک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی حوصلہ افزائی پر زور دیا۔ تقریب سے ایس ای ڈی ایف کے سی ای او خضر پرویز نے سندھ میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں بالخصوص زراعت سے وابستہ شعبوں میں ویلیو ایڈیشن کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ای ڈی ایف نے 150 سے زائد ایس ایم ایز کی معاونت کی ہے جس کے نتیجے میں پورے صوبے میں 3 ہزار سے زائد ملازمتیں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے، جبکہ ان اداروں کے لیے پائیدار ترقی کو فروغ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارک اپ پر سبسڈی کے اقدام سے سندھ کے زرعی شعبے میں معاشی ترقی اور خوشحالی میں بہتر پیش رفت ہوئی ہے۔