بدین (نمائندہ جسارت) شنگرانی محلے میں واقع مسجد کے امام نے قرآن اور دین کی تعلیم کے لیے آنے والے 10 سالہ معصوم بچے کو درندگی کا نشانہ بنا ڈالا۔ معصوم بچے کا بتانا ہے کہ مجھے مولوی نے اپنے ساتھی کے ہمراہ کھانے کی چیز دینے کے بہانے بلا کر بدفعلی کی، جبکہ بدفعلی کے شکار بچے کے والد کا کہنا تھا کہ شرمندگی سے کچھ بتا بھی نہیں سکتے، کس پر اعتبار کریں؟ ایک امام مسجد پر اعتبار کیا وہ بھی وحشی اور درندہ نکلا۔ بچے کے والد اور دیگر شہریوں نے انکشاف کیا کہ مولوی اس سے قبل بھی 3 بچوں کو درندگی کا نشانہ بنا چکا ہے جس میں میں معصوم بچی بھی شامل ہے۔ ایس ایچ او انور لغاری نے بتایا کہ واقعہ 4 روز پرانا ہے جبکہ بچے کے والد یا کسی رشتے دار نے پولیس سے رابطہ نہیں کیا، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر پولیس بچے کے والد اور دیگر اہل محلہ سے معلومات حاصل کر رہی ہے۔ متاثرہ بچے کے والدین نے کارروائی کے لیے کہا ہے، مولوی اسحاق سومرو نامی امام مسجد واقعے کے بعد گزشتہ 4 روز سے غائب ہے، پولیس اسے ہر صورت گرفتار کرے گی، تاکہ ملزم سزا سے نہ بچ سکے۔ دوسری جانب ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بچے کے والد پر خاموش رہنے اور مقدمہ درج نہ کرانے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔