قائد اعظم کرکٹ ٹرافی کاآخری رائونڈ،لاہور وائٹس کے نوجوان بولر عبید شاہ کی 8وکٹیں

16

راولپنڈی(اسپورٹس ڈیسک)قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا 5واں اور آخری رائونڈ شروع ہو گیا، پہلے دن کی خاص بات لاہور وائٹس کے نوجوان بولر عبید شاہ کی لاڑکانہ کے خلاف تباہ کن بولنگ تھی ، انہوں نے 8وکٹیں حاصل کیں ، ایبٹ آباد کے محمد بلال اور لاہور بلوز کے قاسم اکرم نے سنچریاں اسکور کیں۔ مرغزار گرائونڈ میں لاڑکانہ کی ٹیم لاہور وائٹس کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 202 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، عبید شاہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 79 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کیں جو اس ٹورنامنٹ میں اب تک کسی بھی بولر کی بہترین بالنگ ہے، لاہور وائٹس نے کھیل ختم ہونے پر ایک وکٹ کے نقصان پر 121رنز بنا لیے ، اطیب احمد 61اور گوہر حفیظ بٹ 50 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ، شعیب اختر اسٹیڈیم، راولپنڈی میں پشاور نے راولپنڈی کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنا لیے ، سجاد ابراہیم 73 ، زبیر خان 69 اور اسرار اللہ 62 رنز بنا کر نمایاں رہے، مہران ممتاز نے 3 وکٹیں حاصل کیں، نیشنل گرائونڈ میں فیصل آباد کی ٹیم اسلام آباد کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 202 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ، عتیق الرحمن 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، موسی خان نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں، اسلام آباد نے کھیل ختم ہونے پر 5 وکٹوں پر 72 رنز بنا لیے ، میرپور اسٹیڈیم میں کراچی بلوز کی ٹیم سیالکوٹ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 171 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ، فواد عالم 60 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد علی نے 4وکٹیں حاصل کیں، جواب میں سیالکوٹ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 59 رنز بنا لیے۔