کراچی (کامر رپورٹر)سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ( ایس ایس ڈبلیو ایم بی) کے منیجنگ ڈائریکٹر سید امتیاز علی شاہ نے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں 2 ماڈل سڑکیں بنانے کا اعلان کیا ہے جبکہ صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ڈور ٹو ڈور کچرا اٹھانے کے امور انجام دیے جائیں گے ۔مجوزہ ماڈل سڑکوں میں نورس سے ڈالر روڈ اور نینا اسٹریٹ شامل ہیں۔انہوں نے یہ بات محکمے کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ سائٹ ایسو سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے دورے کے موقع پر ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر احمد عظیم علوی، چیف کوآرڈینٹر سلیم پاریکھ، نائب صدر محمد ریاض ڈھیڈی، سابق صدور محمد کامران عربی اور عبدالرشید، حسین موسانی، ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے طارق علی نظامانی، سائٹ لمیٹڈ کے سیف اللہ، فہیم الدین شیخ (سائٹ لمیٹڈ)، محمد کامران لاکھانی، عبدالرحمان فدا، جنید الرحمان، احتشام رئیس، محمد طاہر گوریجا و دیگر بھی موجود تھے۔ایم ڈی ایس ایس ڈبلیو ایم بی سید امتیاز علی شاہ نے ایک ممبر کی شکایت کے جواب میں صنعتوں سے ڈور ٹو ڈورکچرا اٹھانے کا اعلان کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ میونسپل یوٹیلٹی چارجز ینڈ ٹیکس (ایم یوسی ٹی) ایس ایس ڈبلیو ایم بی کا ٹیکس نہیں ہے اور کے ایم سی کا علاقے کی صفائی میں کوئی کردار نہیں ہے۔اس موقع پر انہوں نے شہر سے کچرا اٹھانے کے اعدادوشمار بھی پیش کیے۔قبل ازیں سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر احمد عظیم علوی نے سائٹ ایریا میں ایس ایس ڈبلیو ایم بی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن نے کلین اینڈ گرین سائٹ مہم شروع کی ہے۔