کراچی (کامرس رپورٹر) وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ہے کہ رواں سال 11 ہزار سے زائد ٹیکس سے متعلق شکایات موصول ہوئیں جس میں 94 فیصد کا فوری فیصلہ کیا۔ قانون کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب 60 دن میں فیصلہ کرنے کا مجاذ ہے تاہم ٹیکس کنند ہ کی سہولت کیلئے اوسط فیصلہ 37 دن میں کر رہے ہیں۔ وفاقی ٹیکس محتسب کا فیصلہ حتمی اور ایف بی آر پر تعمیل لازمی ہے،ایف ٹی او کو شکایات موصول ہوتے ہیں ایف بی آر کی تمام کارروائی روک دی جاتی ہے، صدر پاکستان سے ہی وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے کیخلاف اپیل کی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)میں خطاب میں کیا۔ تقریب میں کاٹی کے صدر جنید نقی، سینئر نائب صدر اعجاز احمد شیخ، نائب صدر طارق حسین، قائمہ کمیٹی کے چیئرمین طارق ملک، سابق صدر مسعود نقی، ایف ٹی او سے الماس علی جوویندہ، ڈاکٹر فیض الہی میمن، فیصل محمد ابریجو، بدرالدین احمد قریشی، گل رحمان، عابد محمود اور شاہد نواز سمیت ممبران اور صنعتکار موجود تھے۔ وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے مزید کہا کہ ایف ٹی او سے متعلق عوام اور تاجر برادری میں آگاہی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ وفاقی ٹیکس محتسب کا عہدہ سپریم کورٹ کے معزز جج کے مساوی ہے اور ایف ٹی او کے فیصلے کے خلاف اپیل صرف صدر مملکت سے ہی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان کے پاس جو اپیلیں گئیں ان میں سے 98 فیصد پر وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔