اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت نے پاکستان میں ہونے والے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈکپ میں اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق بھارت پاکستان میں ہونیوالے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے دستبردار ہوگیا، یہ ٹورنامنٹ 23 نومبر سے پاکستان میں شروع ہونا ہے۔بھارتی حکومت نے بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ایونٹ میں شرکت کے لیے این او سی دینے سے انکار کر دیا، جس کی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن نے تصدیق کردی۔بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے مطابق 25 روز سے حکومت کی اجازت کے منتظر تھے مگرپیرکو وزارت خارجہ نے حکومت کی ہدایت پر این او سی دینے سے انکار کردیا۔یاد رہے کہ کرکٹ ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ انڈیا نے رواں ماہ پاکستان میں کھیلے جانے والے چوتھے ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے 17 رکنی ٹیم کا اعلان کردیاتھا۔ چیئرمین ایسوسی ایشن ڈاکٹر مہانتیش کاکہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین ہمیشہ کانٹے دار مقابلے ہوتے ہیں۔ ان کاکہنا تھاکہ ورلڈ کپ کے لیے ہمیں وزارتِ کھیل کی جانب سے این او سی جاری ہوچکی ہے تاہم ٹیم کو وزارتِ خارجہ کی منظوری کا انتظار ہے اور ہمیں وہاں سے مثبت جواب کی توقع ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ منظوری ملنے پر 21 نومبر کو واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان جائیں گے۔