بورڈز کے امتحانات میں پاسنگ مارکس میں اضافہ

96
کراچی : میٹرک کے طلبہ پرچہ حل کرنے میں مصروف ہیں چھوٹی تصویر میں میٹرک بورڈ کے چیئرمین ایک امتحانی مرکز کا دورہ کررہے ہیں

کراچی: ملک بھر کے بورڈز کے امتحانات میں طلبہ کو کامیاب ہونے کے لیے کم سے کم نمبروں کے حصول کے شرائطی قوانین میں تبدیلی لاتے ہوئے پاسنگ اور گریس مارکس میں اضافہ کردیا گیا، فیصلے کا اطلاق 2025ءکے امتحانات سے ہوگا۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیٹی کا ایک2 روزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے مرکزی نمائندوں نے اس اہم مسئلے پر شرکت کی۔ اجلاس میں ملک بھر کے تعلیمی بورڈ کے چیئرمینز کی موجود گی میں اہم فیصلے کیے گئے اورآئی بی سی سی نے نئے گریڈنگ فارمولے کا فیصلہ کرلیا۔ فیصلے کے مطابق نئے گریڈنگ نظام کے تحت10 ویں اور12 ویں میں5 گریس مارکس دینے کی منظوری دے دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اب ہر مضمون میں طلبہ کو کم سے کم پاسنگ مارکس33 کے بجائے40 نمبر لینے ہوں گے جبکہ گریس مارکس3 سے بڑھا کر5 کردیے گئے، کالعدم قوانین کے مطابق پہلے30 نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو3 گریس مارکس دیے جاتے تھے، اب 35 نمبر حاصل کرنے والے طالبعلموں کو5 نمبر گریس دے کر پاس کیا جائے گا جبکہ2 سے زائد مضمون میں فیل ہونے والے طالبعلموں کو گریس مارک نہیں ملیں گے، فیصلے کا اطلاق 2025ءکے امتحانات سے ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق اجلاس میں10 ویں اور 12ویں کی سطح پر7 گریس مارکس کی سفارش کی تھی مگر اجلاس کے اکثریتی شرکا نے7 گریس مارکس کو مسترد کردیا۔ گریس مارکس زیادہ سے زیادہ 2 مضامین میں مجموعی طور پر دیے جائیں گے، تیسرے مضمون میں ناکامی کی صورت میں فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔