اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ونٹر پیکیج منظور کرلیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں ہوا، جس میں وزیراعظم کے اعلان کردہ ونٹر پیکیج کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی اجلاس کے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق حکومت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے پہلے ہی ونٹر پیکیج کے تحت بجلی صارفین کو ریلیف دینے کی منظوری لے چکی ہے، جس کے تحت بجلی کے اضافی استعمال پر 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ فلیٹ ریٹ وصول کیا جائے گا جب کہ اس کا اطلاق دسمبر 2024 سے فروری 2025 تک کے لیے ہوگا۔
ونٹر پیکیج سے 200 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے صنعتی، گھریلو اور کمرشل صارفین کو فائدہ ہوگا جب کہ سال 2024 کے متعلقہ مہینوں کے دوران صارفین کے بجلی استعمال کا موازنہ بھی کیا جائے گا۔
اجلاس میں انکشاف ہوا کہ بجلی ٹیرف میں اضافے کی وجہ سے مختلف کیٹگریز کی جانب سے استعمال میں کمی آئی ہے۔ ونٹر پیکیج کا ڈسکوز کے جنرل صارفین اور کے الیکٹرک صارفین پر بھی اطلاق ہوگا۔