روس کا امریکا و یوکرین کو انتباہ، پیوٹن نے جوہری ڈاکٹرائن کی منظوری دیدی

87
the map

ماسکو:روس نے امریکا اور یوکرین کو وارننگ دیتے ہوئے جوہری ڈاکٹرائن کی منظوری دے دی۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق روسی صدر ولادیمیرپیوٹن نے  امریکا اور یوکرین کے درمیان ہونے والے ہتھیاروں کے معاہدے کے بعد روسی جوہری ڈاکٹرائن میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے اس کی باضابطہ منظوری بھی دے دی ہے۔

روسی نیوکلیئر ڈاکٹرائن میں کی گئی تبدیلیوں کی منظوری کے بعد روس یا اس کے اتحادی بیلاروس پر روایتی ہتھیاروں سے حملے کی صورت میں  روس جوابی طور پر جوہری ہتھیاروں کا استعمال کر سکے گا۔

روس کی منظور کی گئی نئی جوہری ڈاکٹرائن میں بظاہر امریکا اور یوکرین کا نام شامل نہیں، تاہم کہا گیا ہے کہ اگر کسی بھی غیر جوہری ملک کی جانب سے کسی جوہری ملک کی معاونت سے روس پر حملہ کیا جاتا ہے تو اس صورت میں اس کارروائی کو دونوں ملکوں کا مشترکہ حملہ سمجھا جائے گا۔

واضح رہے کہ روسی نئی نیوکلیئر ڈاکٹرائن کے مطابق کسی عسکری اتحاد، یا بلاک کے کسی بھی ایک رکن کی جانب سے روس پر کیے گئے حملے کو کسی اتحاد یا بلاک ہی کی جارحیت تصور کیا جائے گا۔ تازہ پیش رفت میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے منظور کی گئی ڈاکٹرائن کے تحت روس پر کسی بڑے فضائی حملے کے جواب میں بھی جوہری ہتھیار استعمال کیے جا سکتے ہیں۔