کراچی:جماعت اسلامی نے 14 نومبر کے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی و سندھ حکومت اور صوبائی الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے بدترین دھاندلی و مینڈیٹ پر ڈاکے کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد میں پٹیشن دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق پٹیشن جماعت اسلامی کے امیدوار یوسی 7 ٹی ایم سی ماڈل ٹاؤن ضلع کورنگی انصار اللہ اور یوسی 7 وارڈ 1 ٹی ایم سی ضلع کورنگی کامران سولنگی نے جمع کرائی اورفارم 11 اور 12 سمیت تمام تحریری ثبوت بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پیش کردیے۔
نامزد امیدواروں کے پولنگ ایجنٹوں نے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کے پریزائڈنگ افسران سے ان کے دستخط شدہ فارم 11 اور12حاصل کیے تھے جن کے مطابق جماعت اسلامی کے امیدوار بھاری اکثریت کامیاب قرار پائے لیکن آراو آفس سے جاری شدہ ANEX.Aاور فارم 13 میں نتائج تبدیل کر کے پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو جیتا ہوا ظاہر کیا گیا۔
امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی الیکشن کمیشن کو دھاندلی شدہ نشستوں کے حتمی نتائج جاری کرنے سے روکے۔
انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پری پول رگنگ اورالیکشن نتائج تبدیل کرنے کے حوالے سے الیکشن سے پہلے اور ووٹنگ کے دوران بھی الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر آگاہ کرچکی ہے۔ جماعت اسلامی بد ترین دھاندلی اور عوامی مینڈیٹ پر قبضے کے خلاف آئینی، قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔