پی ٹی آئی قیادت کا بشری بی بی کی لیک آڈیو پر تحقیق نہ کرنے کا فیصلہ

108

اسلام  آباد: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی قیادت نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی پارٹی اجلاس سے خطاب کی آڈیو لیک کی تحقیقات نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ زیادہ لوگوں کے ہجوم کی وجہ سے آڈیو لیک ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ  کانفرنس روم میں ضرورت سے زیادہ افراد کی شرکت کے باعث پارٹی قواعد کی پاسداری نہیں ہوئی، سیکیورٹی اسٹاف نے بھی آگاہ کردیا تھا کہ زیادہ لوگ ہونے کی وجہ سے کسی کی بھی جامہ تلاشی نہیں لی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  بشری بی بی کی آڈیو لیک کرنے غیر اخلاقی حرکت ہے، اگر آڈیو لیک کرنے والے فرد کے بارے میں واضح ہوگیا تو پارٹی کے تحت کارروائی کی جائے گی، فی الحال لیک آڈیو کے حوالے سے تحقیق کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ اجلاس میں بشری بی بی نے عہدیداروں کو حکم دیا تھا کہ قافلے میں شامل ہر گاڑی کی اندر سے وڈیو بناکر سوشل میڈیا پر آپلوڈ کی جائےگی تاکہ حکومت کو عوامی طاقت کااندازہ ہوجائے،احتجاج میں صرف ورکرز نہیں عوام کو بھی لیکر پہنچنا ہے، انٹرنیٹ بند ہوگا متبادل بندوبست کرنا ہوگا، سوشل میڈیا، یوٹیوبرزقافلوں کی ویڈیوساتھ ساتھ شیئر کریں۔