ضمانت ملنے پر عمران خان 24 نومبر کا احتجاج خود لیڈ کریں گے؟ علیمہ خان کا دعویٰ

97

راولپنڈی : تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ کل توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو ضمانت ملنے کے کافی امکان ہیں،ضمانت ملنے کی صورت میں عمران خان 24 نومبر کا احتجاج خود لیڈ کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہاکہ کپتان نے اس قوم کو جب باہر نکلنے کا کہا ہے تو عوام نے باہر نکل کر 8فروری کو پی ٹی آئی کو کامیاب کرایا، لیکن بدقسمتی سے ہماری نشستیں فارم 47والوں کے حوالے کردیں گئیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ  نظریاتی لوگوں کی جنگ جلدی ختم نہیں ہوتی، پرامن احتجاج عوام کا آئینی حق ہے، بیرسٹر گوہر اور علی امین نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی اجازت مانگی تو عمران خان  نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ہمیشہ دروازے کھلے رکھتی ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ نظریاتی لوگ جیل کے اندر ہیں، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، محمود الرشید جیل میں ہیں، عندلیب عباسی نے آسانی کا راستہ چنا، ڈاکٹر یاسمین راشد آج تک جیل میں ہے، نظریاتی کارکن ہمیشہ اپنے حق کے لئے اسٹینڈ لیتے ہیں۔

اُنکا مزید کہنا تھا کہ  بانی پی ٹی آئی نے جمعرات تک مذاکرات کا وقت دیا ہے، اگر چوری شدہ مینڈیٹ واپس مل جاتا ہے تو پھر 24 نومبر کا احتجاج جشن میں تبدیل ہو جائے گا۔