واشنگٹن:ایک ساتھ 262 راکٹ لانچ کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا، ان راکٹوں سے کسی کو کوئی نقصان بھی نہیں پہنچا، کیوں کہ یہ سب کے سب کاغذ کے راکٹ تھے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے اورلینڈو سائنس سینٹر میں دلچسپ و عجیب قسم کا تجربہ کیا گیا، جس کی بدولت اسے عالمی ریکارڈ کا اندراج کرنے والی کتاب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی شامل کرلیا گیا ہے۔
اورلینڈو سائنس سینٹر میں انتظامیہ نے 271 افراد کو اکٹھا کیا اور انہیں 15 سیکنڈز میں 3 مرتبہ راکٹ لانچ کرنے کی اجازت دی، جس میں سے 262 افراد نے کامیابی کے ساتھ اپنے کاغذ کے راکٹ لانچ کیے جب کہ 9 افراد کی ناکام کوششوں کی وجہ سے انہیں آؤٹ کردیا گیا۔
262 افراد کے ایک ساتھ اس طرح کاغذ کے راکٹ لانچ کرنے عمل کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی درج کرلیا گیا ہے۔
اس دلچسپ تجربے سے متعلق اورلینڈو سائنس سینٹر نے میڈیا کو بتایا کہ اس ریکارڈ کو بنانے کے لیے کاغذ کا راکٹ تیار کرنے کا مقصد محض اتنا تھا کہ ایک کھلونا ایسا تیار کیا جائے جو مکمل طور پر کاغذ کا ہو اور اسے ایک اسٹرا کے ساتھ استعمال کرکے ہوا میں اُڑایا جائے۔
اس منفرد تجربے کے موقع پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے منتظمین بھی موجود تھے، جنہوں نے ریکارڈ بننے کے عمل کی تصدیق کی ہے۔