عمران خان کی پارٹی قیادت کو پاور رکھنے والوں سے مذاکرات کرنے کی ہدایت

120

راولپنڈی: بانی تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ (  کے پی کے )  علی امین گنڈاپور اور پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو مذاکرات کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ بات ان سے ہی ہوگی جن کے پاس پاور ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں علی امین اور بیرسٹر گوہر سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے دونوں رہنماؤں کو ہدایت کی کہ 24 نومبر کا احتجاج پرامن طریقے سے ہونا چاہیے، کارکنا ن کو مشتعل کرنے والوں پر کڑی نظر رکھنی ہے۔

ذرائع کے مطابق  عمران خانے دونوں رہنماؤں کو کہا ہے کہ اگر اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے مذاکرات ہوتے ہیں تو اپنے تمام مطالبات  پیش کرکے واضح کردینا کے مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔

علی امین اور بیرسٹر گوہر نے 24 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے عمران خا ن کو انتظامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں لوگ اسلام آباد جانے کے لیے تیار ہیں، راستے میں اگر کوئی رکاوٹ نہ کھڑی کی گئی تو یہ ایک پر امن احتجاج ہوگا۔

خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے بشری بی بی سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو 24 نومبر کو اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے بھرپور احتجاج کرنے کا حکم دیا ہے۔