سان فرانسسکو:ایلون مسک نے ایک نیا دعویٰ کیا ہے، جس کے مطابق دنیا کے تمام شہروں کے درمیان اب صرف ایک گھنٹے کی مسافت کا فاصلہ رہ جائے گا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف کی پوسٹ کے جواب میں ایکس ، اسپیس ایکس اور ٹیسلا جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی کمپنی اسپیس ایکس کے بنائے ہوئے اسٹار شپ راکٹ کے ذریعے دنیا کے کسی بھی شہر سے دوسرے کسی بھی شہر کے درمیان فاصلے کو ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں طے کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ایکس پر اپنی پوسٹ میں صارف نے ایک مشورہ دیا کہ اسپیس ایکس کو اب باضابطہ طور پر اسٹار شپ زمین سے زمین پروازوں کے لیے بھی منظوری دی جانی چاہیے، اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ زمین پر کہیں سے بھی کسی بھی جگہ پر ایک گھنٹے سے بھی مختصر وقت میں سفر طے کیا جا سکے گا، جس پر ایلون مسک نے جواب دیا کہ ایسا ممکن ہے۔
یاد رہے کہ اسپیس ایکس اس سے قبل بھی اس طرح کے سفری نظام کا ارادہ ظاہر کر چکا ہے، جس کے تحت اسٹار شپ لانچ کیے جانے کے بعد زمین کے ساتھ ساتھ متوازن سفر ممکن ہو سکے گا اور اس کے نتیجے میں زمین پر کہیں سے کہیں بھی تیز ترین رفتار کے ساتھ آنا جانا ممکن ہو جائے گا۔