پاکستان ایک ذمہ دار ملک،امن کیلیےمنفرد کردار ادا کررہاہے: وزیردفاع

103
Pakistan, a responsible country, is playing a unique role

کراچی(رپورٹ: منیر عقیل انصاری)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور دنیا بھر میں قیام امن کیلئے اپنا منفرد کردار ادا کررہا ہے، علاقائی امن اورسماجی واقتصادی ترقی کیلئے رابطوں کا فروغ ضروری ہے۔

خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے، پاکستان کی دفاعی صنعت فروغ پارہی ہے، پبلک،پرائیویٹ سیکٹر دفاعی پیداوار میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں دفاعی ضروریات کی برآمدات سے معیشت مضبوط ہوگی، آئیڈیا نمائش پاکستان کی دفاعی پیداوار کے فروغ میں معاون اور علاقائی گیٹ وے کے طور پر ثابت ہوگی،آئیڈیاز کا سلوگن آرمز فارپیس ہے ۔ وہ منگل کوکراچی ایکسپو سینٹرمیں چارروزہ عالمی دفاعی انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار آئیڈیاز2024 “کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

آئیڈیازنمائش کا افتتاح وزیراعظم شہباز شریف کو کرنا تھا لیکن وزیر اعظم طبیعت خراب ہونے اور اسلام آباد میں دیگر سرکاری مصروفیات کے سبب نہ آسکے ۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت اب معیار اور اعتبار کی دہلیز پر پہنچ چکی ہے، پاکستان کی مصنوعات بین الاقوامی دفاعی مارکیٹ میں مقابلہ کر رہی ہیں، اس ڈومین میں مزید سبقت کے لیے پرائیویٹ ڈیفنس انڈسٹری کے انضمام اور دفاعی مینوفیکچرنگ سیکٹر میں آر اینڈ ڈی تنظیموں کی شمولیت کی ضرورت ہے۔

وزیردفاع نے تمام وفاقی وزرا، سینئر ملٹری وسول افسران اور تقریب میں شریک تمام مہمانوں کو خوش آمدیدکیا اور کہا کہ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز2024بہت اہمیت کی حامل ہے، دنیا بھر سے آئے مندوبین نمائش سے بہترین فائدہ اٹھائیں گے،

نمائش میں تکنیکی معاملات سمیت اہم امور پر غور ہوگا ۔وزیر دفاع نے کہاکہ حکومت پاکستان ہمیشہ برابری کی بنیاد پر بامعنی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے ، نہ صرف دوطرفہ مسائل کے حل بلکہ خطے میں امن اور ہم آہنگی کو موقع فراہم کرنے کے لیے باہمی مذاکرات ضروری ہیں، ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر دنیا میں امن اور استحکام کے لیے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں۔

دریں اثناءآئیڈیاز نمائش میں دنیا بھر سے 550سے زائد نمائش کنندگان نے اسٹالز لگائے ہیں نمائش میں دفاعی مصنوعات پیش کی گئی ہیں۔

یہ بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار ایک بڑا علاقائی ایونٹ ہے، آئیڈیاز عالمی دفاعی صنعت کو ہم آہنگی کرنے اور کاروبار میں تعاون کا موقع فراہم کرتا ہے، ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے زیر اہتمام سال 2000 سے ہر دو سال بعد اس ایونٹ کا انعقاد ہوتا ہے۔ آئیڈیاز دفاعی تعاون کے میدان میں تعاون اور علم کے تبادلے کا ذریعہ ہے، دفاعی صنعت کے منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے آئیڈیاز اس شعبے سے وابستہ ماہرین اور اعلی سطح کے پالیسی سازوں میں ملاقات کا موقع فراہم کرتا ہے۔

علاوہ ازیں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے لئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات کیے گئے ہیں اور پولیس کے 4 ہزارسے زائد جوان سیکیورٹی پر تعینات کئے گئے ہیں جبکہ سیکیورٹی پر پولیس آفیسر،آفیشل اور لوکل پولیس تعینات کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایس ایس یو کمانڈوز،ریپڈ رسپانس فورس اور اسپیشل برانچ بھی فرائض انجام دے رہی ہے جبکہ ٹریفک پولیس کے اہلکار مختلف اہم مقامات پر تعینات کیئے گئے ہیں۔ ایکسپو سینٹر کے اطراف عمارتوں پر بھی نشانہ بازوں کو تعینات کیا گیاہے، ایئرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے ایکسپو سینٹر تک بھی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار بھی بڑی تعداد میں تعینات ہیں۔

چار روزہ نمائش کے دوران صبح سات سے شام سات بجے تک ایکسپو سینٹر سے منسلک سڑکیں بند رہیں گی، حسن اسکوائر فلائی اوور سے نیشنل اسٹیڈیم سڑک اور فلائی اوور بندکردیاگیاہے جبکہ ڈالمیا روڈ اسٹیڈیم سگنل سے دائیں جانب حسن اسکوائرجانیوالی سڑک بند کردی گئی ہے جبکہ یونیورسٹی روڈ نیپا سے ایکسپو سینٹر کے بائیں جانب جانیوالی سڑک بھی بند ہوگی، شاہراہِ فیصل سے ہیوی اور کمرشل گاڑیوں، واٹر ٹینکر کا کارساز روڈ پر داخلہ بند ہوگا۔ ایکسپو سینٹر کی حدود میں موجود تعلیمی ادارے بھی بند کردیئے گئے ہیں.