نظام مصطفیٰ ہی امت ملسمہ کے مسائل کا حل ہے،ابوالخیر زبیر

197

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے پریٹ آبادمیں قاضی محمدسلیمان کی دعوت پر میلاد مصطفیٰ ﷺ وگیارہویں شریف کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور ﷺ کا نظام ہی پاکستان اور امت مسلمہ کے مسائل کاحل ہے ،حضور ﷺ کی حیات طیبہ اور اولیاء کی تعلیمات پر عمل کر کے ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنایا جاسکتا ہے ،امت مسلمہ بیدار ہو اور غزہ کے مظلوموں کیلیے صدائے حق بلند کرے ،اسرائیل کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلیے اتحاد بین المسلمین کی بے حد ضرورت ہے، اس وقت کفر کی طاغوتی قوتیں فلسطین،لبنان،یمن،شام، ایران اور کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کیے ہوئے ہیں ،مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے ،غزہ کے مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے جبکہ مسلم حکمراں خواب غفلت میں پڑے اس ظلم و بربریت پر بے حسی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور غوث اعظم دستگیر کی تعلیمات پر عمل کر کے ملک میں اسلام کا آفاقی نظام نافذ کیا جاسکتا ہے ،آپ نے وقت کے کرپٹ اور بدعنوان حکمرانوں کو راہ ہدایت دکھائی، افسوس ہمارے حکمراں کرپشن،لوٹ کھسوٹ اور اقربہ پروری میں لگے ہوئے ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے عوام مہنگائی،بیروزگاری،غربت اور افلاس کا شکار ہیں،بجلی گیس کی قیمتوں اور ٹیکسوں کے بھاری بوجھ کے سبب آٹھ ہزار سے زائد صنعتی یونٹ دبئی منتقل ہو چکے ہیں، مزید کارخانہ اور فیکٹریاں بند ہورہی ہیں ،نوجوان باعزت روزگار کیلیے دربدرمارے مارے پھر رہے ہیں لیکن حکمراں بیرونی آقاؤں کی خوشنودی میں لگے ہوئے ہیں، اجتماع میں ناظم علی آرائیں،ڈاکٹر یونس دانش،عبدالرحمن راجپوت،قاضی نثار احمد،ڈاکٹر عارف اللہ شاہ،قاری خدابخش،دلفقار انصاری حافظ محمد یاسر انصاری سمیت علاقے کی سیاسی سماجی مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔