اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے معاملے پر وکیل لطیف کھوسہ نے مقدمے میں جلد سماعت کی درخواست عدالت عظمیٰ میں دائر کر دی۔ درخواست میں کیس کو نومبر کے آخری ہفتے میں مقرر کرنے کی استدعا کی گئی۔ وکیل لطیف کھوسہ نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ 13 دسمبر 2023 کو عدالت عظمیٰ نے مقدمے کو جنوری کے تیسرے ہفتے میں مقرر کرنے کا حکم دیا تھا لیکن عدالتی حکم کے باوجود مقدمہ آج تک مقرر نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ 11 جولائی 2024 کو فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل کیس میں عدالت عظمیٰ نے ملزمان سے غیر انسانی سلوک نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی تھی۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی لارجر بینچ نے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل سے متعلق اپیلوں پر سماعت کی تھی۔