ایک بار پھر ملک میں انتشار پھیلانے کی کال دی گئی ‘شازیہ مری

40

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرنز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ایک بار پھر ملک میں انتشار پھیلانے کی کال دی گئی ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پُرامن احتجاج کے نام پر پیٹرول بم پھینکنا، گاڑیاں جلانا اب پی ٹی آئی کا وتیرہ بن چکا ہے۔ عمران نیازی اپنے بچوں کو عیش و عشرت میں رکھ کر اس قوم کے بچوں کو گمراہ کررہا ہے۔ پیرکوجاری اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ پاکستان کو استحکام اور اتحاد کی ضرورت ہے، انتشار اور تقسیم کی نہیں۔ ہمیں احتجاج سے مسئلہ نہیں۔ انتشار اور نفرت کی سیاست کرنے پر افسوس ہوتاہے۔ یوٹرن، جھوٹ، الزامات، دنگا فساد اور لشکر کشی اس ٹولے کا وتیرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں جو سمجھدار لوگ تھے وہ خاموش اور غیر ذمے دار لوگوں کو پارٹی کی باگ ڈور دے دی گئی ہے، ایسے عناصر ملک نہیں بلکہ ایک ایسے شخص کی خوشنودی میں لگے ہیں جو اپنی ذات کی خاطر کچھ بھی کر سکتاہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی نے تو مشورہ بھی دیا تھا کہ اپنے مقدمے عدالتوں میں لڑیں اور کچھ عوام کا سوچیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں استحکام کی خاطر ہمیں اتحاد اور امن کو فروغ دینا ہوگا۔ سیاست کو خدمت سمجھتے ہوئے ہمارے بڑوں نے ایک الگ ملک حاصل کیا۔