پاکستان میں انفرااسٹرکچر، اداروں کو مضبوط کر رہے ہیں، ڈونلڈ بلوم

17

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان نیشنل کونسل برائے آرٹس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان مشترکہ شراکت داری کا دائرہ 2 ارب ڈالر تک پھیلا ہوا ہے، اس شراکت داری کے تحت پاکستان میں انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے اور اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے کافی متاثر ہوا ہے اور امریکا اس سلسلے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔ ڈونلڈ بلوم نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے فیصل آباد میں ایک پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت قابل تجدید توانائی، آبی انتظام اور پاکستان کے زرعی نظام میں جدت لانے کیلیے معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ امریکا پاکستان میں مختلف منصوبوں کے ذریعے ترقیاتی کاموں میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔